مہر خبررساں ایجنسی نے کشمیر ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں برسرِ اقتدار نیشنل کانفرنس اور کانگریس پارٹی کے درمیان اتحاد ختم ہوگیا ہے۔ کانگریس نے جموں و کشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں اکیلے ہی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ہندوستان کی اہم مرکزی جماعت کانگریس اور جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی علاقائی جماعت نیشنل کانفرنس میں سنہ 2009 میں اتحاد ہوا تھا جو پانچ سال تک جاری رہا۔
جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور بھارتی پارلیمان میں راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما اور کانگریس کے رکن غلام نبی آزاد نے کہا: دوسری پارٹیوں پر انحصار نہیں کرنا زیادہ بہتر ہے۔ جیسا کہ ہم نے سنہ 2002 اور 2008 میں کیا ہمیں اپنے بل بوتے پر لڑنا چاہیے۔اس کی وضاحت کرتے ہوئے آزاد نے کہا کہ ایسے اتحاد سے کیا فائدہ جس میں ووٹ ایک پارٹی سے دوسری پارٹی کو منتقل نہ ہو۔
واضح رہے کہ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے اتحاد کو زبردست دھچکہ لگا تھا کیونکہ ریاست کی تمام چھ نششتوں پر انھیں شکست کا سامنا رہا تھا۔ہارنے والوں میں کانگریس کے غلام نبی آزاد کے ساتھ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ بھی تھے۔غلام نبی آزاد اس سے قبل کشمیر کے وزیر اعلی رہ چکے ہیں
آپ کا تبصرہ